سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کا مقصد ملک میں افراتفری اور مایوسی پھیلانا ہے : آرمی چیف

سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کا مقصد ملک میں افراتفری اور مایوسی پھیلانا ہے : آرمی چیف
سورس: File

اسلام آباد : آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا اور پروپیگنڈا کا مقصد بے یقینی، افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے۔ سوشل میڈیا کی خبروں کی تحقیق بہت ضروری ہے۔ خود مختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ 

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) نے  جناح کنونشن سینٹر  اسلام آباد میں ”پاکستان نیشنل یوتھ کانفرنس“ سے تاریخی خطاب میں  کہا کہ  پاکستان کے مستقبل کے معماروں اور اقبال کے شاہینوں سے مخاطب ہو کر انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہوں۔  پاکستان کو بنانے کا مقصد یہ تھا کہ   ہمارا مذہب، تہذیب و تمدن ہر لحاظ سے ہندوؤں سے مختلف ہے نہ کے ہم مغربی تہذیب و تمدن کو اپنا لیں۔ 

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو اپنے وطن،  قوم،  ثقافت و تہذیب و تمدن اور اپنے آپ پر بے پناہ اعتماد ہونا چاہئے۔  پاکستان کے نوجوانوں کو اس بات کا یقین ہونا چاہئے کہ وہ ایک عظیم  وطن اور قوم کے سپوت ہیں۔ ہمارے ملک کے نوجوان اس قوم و ملک کی روشن روایات، اقبال اور قائد کے خوابوں کی تعبیر کے امین ہیں۔ 

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کیخلاف تو افواج پاکستان لڑ سکتی ہیں مگر دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کا تعاون ضروری ہے۔ سوشل میڈیا اور پروپیگنڈا کا مقصد بے یقینی، افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے ۔سوشل میڈیا کی خبروں کی تحقیق بہت ضروری ہے ۔تحقیق اور مثبت سوچ کے بغیر معاشرہ افراتفری کا شکار رہتا ہے۔ 

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی قرآن مجید میں فرماتے ہیں کہ”اے ایمان والو!  اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو اُس کی تصدیق کرلو“ پاکستان کے قیام کی ریاست طیبہ سے مماثلت ہے دونوں کلمے کی بنیاد پر قائم ہوئی ۔  اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو  بے پناہ معدنی وسائل، زراعت اور   نوجوان افرادی قوت جیسی نعمتوں سے نوازا ہے۔ 

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مسلمان مشکل میں صبر اور آسانی میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہے۔   ہماری افواج ہر قسم کے خطرے اور سازش کے خلاف ہمہ دم تیار  ہیں۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو ہم کچھ بھی نہیں ہیں۔ پاکستان اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ پاکستان کے روشن مستقبل پر  کامل یقین  اور اسلاف کی میراث کو قائم رکھنا ہے۔  طلباء نے  خطاب کے دوران پاکستان آرمی زندہ باد ، پاکستان زندہ باد اور قائد اعظم زندہ باد کے نعرے  بھی لگائے ۔ 

مصنف کے بارے میں