Get Alerts

شی جن پنگ کی امریکا آمد، ٹرمپ کا غیر معمولی استقبال؛ ریڈ کارپٹ، توپوں کی سلامی اور فضائی مظاہرہ

شی جن پنگ کی امریکا آمد، ٹرمپ کا غیر معمولی استقبال؛ ریڈ کارپٹ، توپوں کی سلامی اور فضائی مظاہرہ

 واشنگٹن: چینی صدر شی جن پنگ تین روزہ سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ نے جوائنٹ بیس اینڈریوز پر ان کا غیر معمولی استقبال کیا۔

 شی جن پنگ اپنی اہلیہ پینگ لی یوان کے ہمراہ امریکا پہنچے تو ایئرپورٹ پر تقریباً 100 فٹ طویل ریڈ کارپٹ بچھایا گیا تھا۔ امریکی اور چینی پرچموں سے سجے استقبالیہ میں دونوں ممالک کے قومی ترانے پیش کیے گئے جبکہ امریکی فوج کی مختلف سروسز کے دستوں نے بھی شرکت کی۔

 استقبالیہ تقریب کے دوران توپوں کی رسمی سلامی دی گئی۔ امریکی فضائیہ کے B-1 بمبار طیاروں نے بھی جوائنٹ بیس اینڈریوز کے اوپر سے فلائی اوور کیا، جس نے تقریب کو مزید نمایاں بنا دیا۔

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شی جن پنگ اور پینگ لی یوان کا رن وے پر استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور مختصر گفتگو کے بعد شی جن پنگ واشنگٹن روانہ ہوگئے۔

 شی جن پنگ کے دورے کے دوران امریکا اور چین کے درمیان تجارت، ٹیرف، مصنوعی ذہانت، تائیوان اور ایران سمیت اہم عالمی و دوطرفہ امور پر بات چیت متوقع ہے۔

 امریکا اور چین کے درمیان جاری تجارتی اختلافات بھی مذاکرات کا اہم موضوع رہیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ سال طے پانے والے تجارتی انتظام کی مدت نومبر میں ختم ہونے والی ہے، جس کے باعث آئندہ تجارتی پالیسی پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

 دورے کے دوران ٹرمپ اور شی جن پنگ کے درمیان باضابطہ ملاقات، بند کمرے میں مذاکرات اور سرکاری عشائیے سمیت مختلف تقریبات کا پروگرام ہے۔ تاہم دونوں حکومتوں کی جانب سے تمام ملاقاتوں اور تقریبات کی حتمی تفصیلات مکمل طور پر جاری نہیں کی گئی ہیں۔

ٹیگز: