Get Alerts

سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں: وزیراعظم

سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں: وزیراعظم

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے اور کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے یہ بات نیویارک میں امریکا میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات اور آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، آٹو موبائلز، توانائی، تعمیرات سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ پاکستانی ماہرین سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک خدمات انجام دینے والے پاکستانی کاروباری افراد اور پروفیشنلز اپنے کام اور کامیابیوں کے ذریعے عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں اور پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بھی مدعو کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں متعارف کرائی گئی اصلاحات سے کاروباری برادری کو درپیش کئی مسائل کے حل میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زرعی شعبے میں جدت لانے اور اس کی ترقی کی رفتار تیز کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ملاقاتوں میں شریک پاکستانی کاروباری رہنماؤں اور ماہرین نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہا اور زراعت، صنعت اور برآمدات کے شعبوں میں حکومتی اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے بالخصوص ایف بی آر میں کی جانے والی اصلاحات کو بھی سراہا۔

ٹیگز: