سندھ اسمبلی اجلاس، وزیراعظم سے فوری مستعفی ہونے کی قرارداد منظور

سندھ اسمبلی اجلاس، وزیراعظم سے فوری مستعفی ہونے کی قرارداد منظور

کراچی: ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی سربراہی میں سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں پیپلز پارٹی کی خیر النسا مغل نے وزیر اعظم سے مستعفی ہونے کی  قرارداد پیش کی۔

 قرارداد میں کہا گیا تھا کہ جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی لیکن جے آئی ٹی کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے حکومت کے ہر دباؤ کو رد کر دیا اور اب نواز شریف عہدے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں انہیں اپنے عہدے سے فوری طور پر مستعفیٰ ہو جانا چاہیئے۔

اس موقع پرسعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف جھوٹے کیس بنائے گئے جبکہ سیف الرحمان اور چوہدری شجاعت نے تسلیم کیا کہ وہ غلط کیس تھے۔ انہوں نے کہا یوسف رضا گیلانی نے بھی اپنے عہدے کو قربان کر دیا تھا جب ملک بحران میں گھرا ہوا تھا۔

سعید غنی نےمزید  کہا نواز شریف کی عہدے پر موجودگی ہر لمحہ پاکستان کے وقار کو کم کر رہی ہے لیکن حکومت کہیں نظر نہیں آ رہی اور ملک میں جب بھی بحران آیا وفاقی وزیر داخلہ کی کمر میں درد ہو جاتا ہے کیونکہ حکومت کی توجہ صرف جے آئی ٹی اور پاناما کی طرف ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کی جانب سے ایوان میں وزیر اعظم کے استعفے کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی جسے تکنیکی وجوہات پر منظور نہیں کیا گیا۔ ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی قرارداد کی حمایت کی۔ بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے اجلاس کل بروز بدھ تک کے لیے ملتوی کر دیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں