چوہدری نثار نے پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا

چوہدری نثار نے پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے 2 سال 10 مہینے کے بعد پنجاب اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار علی خان حلف اٹھانے کیلئے پنجاب اسمبلی پہنچے اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری اسمبلی نے چوہدری نثار کو ان کے حلف سے متعلق اعتماد میں لیا اور بتایا کہ آپ کے خلاف دائر پٹیشنز کا سٹیٹس چیک کر لیا ہے، آپ حلف اٹھا سکتے ہیں، کوئی قانونی رکاوٹ نہیں۔
واضح رہے کہ چوہدری نثار علی خان دو روز قبل بھی حلف اٹھانے کیلئے پنجاب اسمبلی پہنچے تھے تاہم حلف اٹھائے بغیر ہی واپس چلے گئے۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں 2018ءکے عام انتخابات میں 34 ہزار کی لیڈ سے ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوا تھا، مجھے پہلے قومی اسمبلی سیٹ پر ناکام کروایا گیا اور اب حکومت ایک آرڈیننس کے ذریعے مجھے ڈی سیٹ کرنے کی کوشش میں ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ میں نے ایک ہفتہ قبل پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے فیصلہ کیا اور پنجاب اسمبلی کو لکھ کردیا لیکن آج کہا گیا کہ سپیکر اسمبلی موجود نہیں اس لئے حلف نہیں ہو سکتا حالانکہ پینل آف چیئرمین کے پاس تمام اختیارات ہوتے ہیں اور وہ حلف بھی لے سکتے ہیں، پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کے روئیے کے خلاف عدالت جا?ں گا اور 2 دن بعد پھر حلف اٹھانے آؤں گا۔
ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میں کسی سیاسی کھیل کاحصہ نہیں ہوں اور سیاسی معاملات پر زیادہ تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، ملک کو اس وقت مفاہمت کی ضرورت ہے جبکہ عمران خان کو مشورے دینے والے بہت سے لوگ ہیں لیکن میں صرف اتنا ہی کہوں گا کہ وہ ٹھنڈا کرکے کھائیں۔