فوکس صرف ایک میچ نہیں، کوشش ہے کہ اچھا کھیلیں اور ورلڈ کپ جیت کر لائیں: بابر اعظم

فوکس صرف ایک میچ نہیں، کوشش ہے کہ اچھا کھیلیں اور ورلڈ کپ جیت کر لائیں: بابر اعظم
سورس: File

لاہور:  قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ  ہم آج رات ورلڈ کپ کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ ٹیم کا مورال بلند ہے اور ہم بہت پراعتماد ہیں۔ ہم جیت کے ساتھ واپس آنے کی کوشش کریں گے، ہم آپ سب سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارا ساتھ دیں اور ہمارے لیے دعا کریں۔

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے ٹیم کی بھارت روانگی سے قبل پاکستانی کپتان بابر اعظم نے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  کہا کہ ایونٹ کے لئے بھرپور تیاری ہے، ہمارا فوکس صرف ایک نہیں ہر میچ پر ہے، انشا اللہ 9 میچز جیتیں گے، ورلڈ کپ بھی جیتیں گے، کوشش ہے کہ اچھا کھیلیں اور ورلڈ کپ جیت کر لائیں۔

بابر اعظم نے ٹیم میں لڑائی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے، ڈریسنگ روم میں میٹنگ کی باتوں کو لڑائی کا نام دے دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ٹیم میں سب ایک دوسرے سے اتنا ہی پیار کرتے ہیں جتنا فیملی سے کرتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں ہارنے والے میچز سے پہلے ٹیم نمبر ون پر تھی، ان ہی لڑکوں کی محنت سے ہماری ٹیم نمبر ون بنی تھی، کوشش کریں گے ایشیا کپ کی غلطیاں ورلڈ کپ میں نہ دہرائیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو ورلڈ کپ کا سفر کرنے پر فخر ہے۔ اگرچہ ہم نے پہلے ہندوستان میں نہیں کھیلا ہے لیکن ہم زیادہ دباؤ نہیں لے رہے ہیں۔ ہم نے اپنی تحقیق کی ہے اور ہم نے سنا ہے کہ حالات اسی طرح کے ہیں جیسے وہ دوسرے ایشیائی ممالک میں کھیلتے ہیں۔ اس بار بطور کپتان سفر کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، مجھے امید ہے کہ ہم اس بار ٹرافی کے ساتھ واپس آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ شروع ہونے سے پہلے ہمارے پاس 7 سے 8 دن ہیں، ہم پر کوئی دباؤ نہیں، کنڈیشن بھی مختلف نہیں، کس کمبی نیشن کے ساتھ جانا ہے یہ فیصلہ میچ کے روز ہوتا ہے۔ 

بابر اعظم نے کہا کہ ایشیا کپ کے آخری 2 میچز میں اچھا کھیل پیش نہیں کر سکے، کوئی بھی کھلاڑی 100فیصد فٹ نہیں ہوتا ہر دن سیکھتا ہے، البتہ ہم پلاننگ کے تحت میچز کھیلیں گے۔

ce107eb65e719f8af83840f3141449e7

ان کا کہنا تھا کہ میچ سے قبل ٹیم کی ترتیب کے لئے پلاننگ کرتے ہیں، کرکٹ زیادہ کھیلتے ہیں تو آگاہی بھی ملتی رہتی ہے، گزشتہ ڈھائی ماہ سے کرکٹ کھیل رہے ہیں، کھلاڑیوں کو آرام بھی دیا ہے۔

کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بھارت میں کرکٹ کھیلنے کا ہم پر کوئی دباؤ نہیں، ہمیں فیلڈنگ مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، مڈل اوورز میں وکٹ لینے پر بھی فوکس کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں کپتان نے کہا کہ کارکردگی ہو یا نہ ہو میں پریشان نہیں ہوتا، خود سے زیادہ ساتھی کھلاڑیوں پر اعتماد ہے، سپنرز پرفرام نہیں کر رہے لیکن امید ہے ایونٹ میں وہ اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

حسن علی کی سکواڈ میں شمولیت پر ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ فیصلے سے ورلڈ کپ سکواڈ میں حسن علی کا انتخاب کیا، نسیم شاہ کو بہت مس کریں گے، شاہین اور نسیم کی جوڑی سے میچ میں بہت فائدہ ملتا تھا، یہ نہیں معلوم کہ نیا گیند کس سے کروائیں گے۔

بابر اعظم نے کہا کہ پاک بھارت میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں، بھارت میں پاکستانی کراوڈ اور اپنے سپورٹرز کی بہت کمی محسوس کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی شائقین کرکٹ بھی ہمیں سپورٹ کریں گے، سابق کھلاڑی بتا چکے ہیں وہاں کے شائقین کوئی کمی محسوس نہیں ہونے دیں گے۔

مصنف کے بارے میں