Get Alerts

بھارت نے حملہ کیا تو متناسب سے زیادہ جواب دیں گے، خواجہ آصف

بھارت نے حملہ کیا تو متناسب سے زیادہ جواب دیں گے، خواجہ آصف

اسلام آباد  :  وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی دراندازی یا حملہ کیا تو پاکستان اس کا جواب نہ صرف فوری دے گا بلکہ وہ جواب "متناسب سے زیادہ" ہوگا۔

روسی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان کشیدگی نہیں چاہتا اور نہ ہی کسی قسم کی فوجی کارروائی میں پہل کرے گا، لیکن اگر بھارت نے اشتعال انگیزی کی تو بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔

خواجہ آصف نے  کہا کہ بھارت کی جانب سے اب بھی خطرہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کا بھارتی بیانیہ خود تضادات کا شکار ہے، اور یہ محض ایک ڈرامہ لگتا ہے جس کی کوئی ٹھوس بنیاد نظر نہیں آتی۔

وفاقی وزیر نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو "اصل دہشتگرد" قرار دیتے ہوئے کہا کہ خود امریکا اور کینیڈا نے مودی پر دہشتگردی کے الزامات عائد کیے جن کی انہوں نے آج تک واضح تردید نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں جاری دہشتگردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ امن قائم ہو، اور اگر بھارت وزیراعظم شہباز شریف کی مذاکرات کی پیشکش کو قبول کرتا ہے تو یہ خوش آئند ہوگا، لیکن فی الحال حالات معمول پر نہیں آئے۔

خواجہ آصف نے چین کو پاکستان کا قابل اعتماد ہمسایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین خطے کے تمام مسائل کو اچھی طرح سمجھتا ہے، اور وزیراعظم نے پیشکش کی ہے کہ دنیا کا کوئی بھی ملک پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر لے۔

ٹیگز: