Get Alerts

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو ہرا دیا، پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں  برقرار

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو ہرا دیا، پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں  برقرار

کولمبو: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے ایک اہم میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پاکستان کی بقا کی راہ ہموار کر دی ہے۔ انگلینڈ کی اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل تک رسائی کا براہ راست راستہ رک گیا ہے اور اب تمام نظریں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے فیصلے کن معرکے پر جم گئی ہیں۔
کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں کیوی کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ گلین فلپس 39، ٹم سائفرٹ 35 اور فن ایلن 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
 انگلش بولرز نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کیا، ول جیکس، ریحان احمد اور عادل راشد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔انگلینڈ نے 160 رنز کا ہدف ایک دلچسپ مقابلے کے بعد 6 وکٹیں گنوا کر حاصل کر لیا۔ انگلینڈ پہلے ہی دو فتوحات کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ پکی کر چکا تھا، تاہم اس جیت نے پاکستان کے لیے 'امید کی کرن' پیدا کر دی ہے۔نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد اب سیمی فائنل کی دوڑ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان نیٹ رن ریٹ پر آ کھڑی ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ کے 2 میچز میں 3 پوائنٹس ہیں جبکہ پاکستان کے 2 میچز کے بعد فی الحال ایک پوائنٹ ہے۔ پاکستان کو کل اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو ہر صورت شکست دینی ہوگی۔ پاکستان کو نہ صرف جیتنا ہے بلکہ سری لنکا کو بڑے مارجن سے ہرا کر اپنا نیٹ رن ریٹ نیوزی لینڈ سے بہتر کرنا ہوگا۔

اگر پاکستان کل کا میچ جیت جاتا ہے تو اس کے بھی 3 پوائنٹس ہو جائیں گے اور بہتر رن ریٹ کی حامل ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔ بصورتِ دیگر، نیوزی لینڈ فائنل فور میں پہنچ جائے گا اور پاکستان کا سفر ختم ہو جائے گا۔

ٹیگز: