انتھونی بلنکن کو امریکا کا نیا سیکرٹری خارجہ تعینات کر دیا گیا

US Senate, Blinken as Biden’s secretary of state,
کیپشن: فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی سینیٹ نے صدر جوبائیڈن کے انتہائی قریبی ساتھی انتھونی بلنکن کو نیا سیکرٹری خارجہ تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس سلسلے میں امریکی سینیٹ میں ووٹنگ ہوئی جس میں انتھونی بلنکن کی مخالفت میں بائیس جبکہ حس میں 78 ووٹ پڑے۔ اس کامیابی کے بعد انھیں نیا سیکرٹری خارجہ تعینات کیا گیا۔ خیال رہے کہ سابق صدر باراک اوباما کے دور میں انتھونی بلنکن کے پاس نائب امریکی سیکرٹری خارجہ کا عہدہ تھا۔

امریکی انتخابات سے قبل اپنے ایک خطاب میں انتھونی بلنکن نے کہا تھا کہ اگر ان کی جماعت اور جوزف بائیڈن نے اقتدار سنبھالا تو ہندوستان اور کشمیر کے معاملے پر ہم واضح پالیسی اختیار کریں گے۔

انتھونی بلنکن نے ہندوستان کی جانب سے 5 اگست 2019ء میں اٹھائے گئے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس پر اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے انڈیا کے متنازع شہریت بل اور مقبوضہ کشمیر میں اظہار آزای پر عائد پابندیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے اسے تشویش کا باعث قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل صدر جوبائیڈن کے ایک اور اہم ساتھی جنرل لائیڈ آسٹن کو بھی سینیٹ کی جانب سے سیکرٹری دفاع تعینات کرنے کی منظوری دیدی تھی۔ وہ امریکا کی تاریخ کے سب سے پہلے سیاہ فام وزیر دفاع ہیں۔ انہوں نے عراق جنگ میں اپنی فوج کی کمان سنبھالی تھی اور 2016ء میں اپنے عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے۔