آصف علی بیٹنگ کیلئے آئے تو شعیب ملک نے ان سے کیا کہا؟ دلچسپ انکشاف سامنے آ گیا

آصف علی بیٹنگ کیلئے آئے تو شعیب ملک نے ان سے کیا کہا؟ دلچسپ انکشاف سامنے آ گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کیخلاف جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے آصف علی نے شعیب ملک کیساتھ میدان میں ہونے والی دلچسپ گفتگو سے متعلق دلچسپ انکشاف کیا ہے۔ 
میچ میں فتح کے بعد اپنے پیغام میں آصف علی نے کہا کہ میں جب میدان میں آیا تو سوچ رہا تھا کہ یہاں سے میچ جیت کر جاؤں گا اور اللہ کا شکر ہے کہ ایسا ہی ہوا، میں سوچ رہا تھا کہ نیوزی لینڈ سے میچ جیتنا ہمارے لئے بہت ضروری ہے اور مجھے اپنی ہر ممکن کوشش کرنی ہے۔ 
جارح مزاج بلے باز نے مزید بتایا کہ شعیب ملک مجھے پریکٹس میچ میں سمجھاتے رہے کہ ٹائم لو ، ریلیکس ہو کر بیٹنگ کرو لیکن نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں جب بیٹنگ کرنے میدان میں گیا تو شعیب ملک نے کہا کہ آج تمہارا دن ہے جو کرنا ہے کرو، بس ایک چیز ذہن میں رکھنا کہ سامنے ٹارگٹ کرنا اور کسی دوسری جانب شاٹ مت لگانا، اگرچہ میں پہلے بھی ایسا ہی کھیلنے کا سوچ رہا تھا مگر شعیب ملک کی ہدایات سے بہت اعتماد ملا، ٹم ساؤتھی کو سلو بال کر چھکا مارنا ایک مشکل ٹاسک تھا۔ 
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے جس نے پہلے میچ میں بھارت کو تاریخی شکست سے دوچار کیا تو دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ جیسی بہترین ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دھول چٹائی۔ 
شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے تھے جبکہ قومی ٹیم نے مقررہ ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔