Get Alerts

پی سی بی کا بڑا فیصلہ: نوجوان کرکٹرز کی تعلیم کے اخراجات بورڈ اٹھائے گا

پی سی بی کا بڑا فیصلہ: نوجوان کرکٹرز کی تعلیم کے اخراجات بورڈ اٹھائے گا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹ کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کی تعلیمی بہتری کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا۔ پی سی بی نے انڈر 15 سے انڈر 19 تک کے کھلاڑیوں کی تعلیم کا مکمل خرچ خود اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کے نوجوان کرکٹرز کو سال بھر کے لیے اکیڈمیز میں رکھا جائے گا، جہاں انہیں کرکٹ کی تربیت کے ساتھ معیاری تعلیم بھی فراہم کی جائے گی۔ ان کھلاڑیوں کے اسکول یا کالج میں داخلے سے لے کر تمام تعلیمی اخراجات پی سی بی برداشت کرے گا۔

چار شہروں میں تعلیمی و تربیتی مراکز قائم ، بورڈ نے مختلف عمر کے گروپس کے لیے مخصوص شہروں میں اکیڈمیز مختص کی ہیں:

سیالکوٹ: انڈر 15 کرکٹرز کے لیے سال بھر فعال اکیڈمی
فیصل آباد: انڈر 17 کرکٹرز کے لیے
ملتان: انڈر 19 کرکٹرز کے لیے
کراچی: ویمن کرکٹرز، شاہینز اور اے ٹیمز کی سرگرمیوں کے لیے مخصوص
تینوں عمر کے گروپس میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کا انتخاب ریجنل کرکٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا تاکہ باصلاحیت نوجوانوں کو میرٹ پر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

پی سی بی کے اس فیصلے کو کرکٹ حلقوں میں نہایت مثبت اقدام قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کی کھیل میں مہارت بڑھے گی بلکہ وہ تعلیمی طور پر بھی مضبوط ہوں گے، جو ان کے مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔

ٹیگز: