Get Alerts

آپریشن غضب للحق میں تیزی: دو افغان کمانڈرز سمیت متعدد ہلاک، کئی اہم چوکیاں اور پوسٹ ٹاورز تباہ

 آپریشن غضب للحق میں تیزی: دو افغان کمانڈرز سمیت متعدد ہلاک، کئی اہم چوکیاں اور پوسٹ ٹاورز تباہ

راولپنڈی/ پشاور : پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز کا ’آپریشن غضب للحق‘ پوری قوت سے جاری ہے۔ تازہ ترین کارروائیوں میں پاک فوج نے دراندازی کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے سرحد پار افغان طالبان کے مراکز اور چوکیوں کو نشانہ بنایا، جس میں دو اہم کمانڈرز سمیت متعدد جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے مختلف سیکٹرز میں موثر کارروائیاں کی ہیں۔
قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو پیشہ ورانہ مہارت سے ناکام بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کئی دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ وادی تیراہ سے سرحد پار افغان علاقے دور بابا میں طالبان کے مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔ اس گولہ باری میں دو اہم کمانڈرز بسم اللہ اور رستم سمیت چار افراد مارے گئے اور ان کا مرکز مکمل تباہ ہو گیا۔پاک فوج نے میرانشاہ کے قریب افغان طالبان کا پوسٹ ٹاور اور اعظم وارسک سیکٹر میں ’شاگا پوسٹ‘ کو مکمل طور پر ملیا میٹ کر دیا ہے۔
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔ سرحد پر دشمن کی نقل و حرکت کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ ’آپریشن غضب للحق‘ اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا اور سرحد پار سے ہونے والی کسی بھی مہم جوئی کا دندان شکن جواب دیا جائے گا

ٹیگز: