تھر میں ہندو شہری کو ہراساں کرنے کا واقعہ، صدر مملکت کی ہدایت پر ملزم گرفتار  

Accused arrested for harassing Hindu citizen in Thar
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہدایت پر سندھ کے علاقے تھر میں ہندو شہری کو ہراساں کرنے کے واقعہ کے ذمہ دار شخص عبد السلام ابو داؤد کو سندھ پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تھر میں ہندو شہری کو ہراساں کرنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری وزارت داخلہ اور آئی جی سندھ کو قانونی کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایسے واقعات ملک کی بدنامی کا باعث بن سکتے ہیں، اقلیتوں کے ساتھ زیادتی اسلام کی روح کے منافی ، آئین ِپاکستان کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، اقلیتوں کو تمام حقوق حاصل ہیں، ریاست ان کے تحفظ کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام معاشرے کے تمام افراد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔