لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم نے تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 37 رنز سے شکست دے دی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم 203 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 164 رنز بنا سکی اور آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاداب خان نے 2 اور خوشدل شاہ، فہیم اشرف اور کپتان سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیش کے کپتان لٹن داس نے 48 رنز بنائے، جب کہ جاکر علی نے 36 اور تنزید حسن نے 31 رنز اسکور کیے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ کپتان سلمان علی آغا نے 56 رنز کی اننگز کھیلی، شاداب خان نے 48 اور حسن نواز نے 44 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شوریف الاسلام نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مہدی حسن، حسن، نتظیم، رشاد اور شمیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس جیتنے کے بعد کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی اچھی فارم میں ہیں اور امید ہے کہ کھلاڑی توقعات پر پورے اتریں گے۔ بنگلہ دیشی کپتان لٹن داس نے کہا کہ نئی جگہ پر نئی کرکٹ کھیلیں گے اور اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کرتے۔
پاکستان کی ٹیم میں فخر زمان، صائم ایوب، محمد حارث، کپتان سلمان علی آغا، حسن نواز اور نائب کپتان شاداب خان شامل ہیں، جبکہ خوشدل شاہ، فہیم اشرف، حسن علی، حارث روف اور ابرار احمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔