اگر ان کا یہی رویہ رہا تو میں ایوان نہیں چلا سکتا:سپیکر نے وزیراعظم کو فواد چودھری کی شکایت کردی

اگر ان کا یہی رویہ رہا تو میں ایوان نہیں چلا سکتا:سپیکر نے وزیراعظم کو فواد چودھری کی شکایت کردی
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کی شکایت کر دی۔ اسد قیصر نے عمران خان سے کہا کہ اگر ان کا یہی رویہ رہا تو میں ایوان نہیں چلا سکتا۔

تفصیلات کے مطابق معروف صحافی نصرت جاوید کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ اگر میں ڈاکو کو ڈاکو نہیں کہوں تو اور کیا کہوں گا  اگر اپوزیشن نے ایوان میں واپس نہیں آنا تو نہ آئیں۔ اسی متعلق مجھے نوجوان صحافیوں نے بتایا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عمران خان کو واضح کہہ دیا کہ اگر یہی حالات رہے ایوان کے اندر تو پھر میں ایوان نہیں چلا سکوں گا کیونکہ میں بہت اچھے ماحول میں ایوان کو چلا رہا تھا اور کوئی ہنگامہ نہیں ہوتا۔اپوزیشن والے بھی آرام سے آتے ہیں۔


نصرت جاوید کا مزید کہنا تھا کہ فواد چوہدری سے لوگ ناراض ہوتے ہیں کیونکہ طاقت ور لوگوں کو ہی دوسرے کی طاقت سے خطرہ ہوتا ہے اور فواد چوہدری جو بھی کہہ رہے ہیں وہ اپنے کپتان عمران خان کے کہنے پر کر رہے ہیں۔واضح رہے گذشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے فواد چودھری کے الزامات کے خلاف ایوان میں تحریک استحقاق جمع کروائی۔


قومی اسمبلی میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے دھواں دھار تقریر کے بعد اپوزیشن سے معافی مانگ لی،فواد چودھری نے دعویٰ کیا تھا کہ خورشید شاہ نے 3روز میں 800افراد کو بھرتی کیا اور ٹیکسی ڈرائیور کو ریڈیو پاکستان کا ڈی جی لگا دیا گیا، ان کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے، قانون پرعملدرآمد ہوتا تویہ سب لوگ جیلوں میں ہوتے، فواد چودھری کی اپوزیشن کیخلاف سخت تقریرپر اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے واک آو¿ٹ کیا جس پرفواد چودھری نے معافی مانگ لی تھی۔