خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلیوں کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج ہو گا

خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلیوں کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج ہو گا

اسلام آباد:خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی اسمبلیوں کا آج دوسرا اجلاس ہو گا جس میں نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہو گا، نو منتخب اراکین خفیہ رائے شماری کے ذریعے ووٹ کاسٹ کریں گے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی


خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے شروع ہوگا، اجلاس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے نو منتخب اراکین خفیہ رائے شماری کے ذریعے ووٹ کاسٹ کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی اسمبلی کے سپیکر کے لیے بابر سلیم سواتی اور ڈپٹی سپیکر کے لیے چترال سے جنرل نسشت پر کامیاب ہونے والی خاتون رکن ثریا بی بی کی منظوری دی گئی ہے۔

گزشتہ روز کے افتتاحی اجلاس اور حلف برداری کے بعد  نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے شیڈول جاری کیا گیا تھا۔

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بابرسلیم سواتی نے سپیکر کیلیے کاغذات جمع کرائے ہیں جبکہ ڈپٹی سپیکر کے لیے ثریا بی بی کے کاغذات جمع کرائے جاچکے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو نامزد کرکے انتخاب سے ایک روز قبل نامزدگی واپس لے لی تھی۔

علاوہ اٰزین اپوزیشن کی جانب سے سپیکر کے لیے پیپلز پارٹی کے احسان اللہ میاں خیل جبکہ ڈپٹی سپیکر کے لیے پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے ارباب وسیم حیات کی جانب سے کاغذات جمع کرائے گئے ہیں۔ 

کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔سنی اتحاد کونسل اور اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کے کاغذات درست قرار دیے گئے ہیں۔

بلوچستان اسمبلی

بلوچستان اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکرکے انتخاب کےلیے بھی اجلاس  آج ہی  سہ پہر 3 بجے ہو گا۔ صوبائی اسمبلی کے نومنتخب اراکین ایوان کے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹ کاسٹ کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے نامزد وزیراعظم شہبازشریف نے سپیکر بلوچستان اسمبلی کے لیے کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کےنام کی منظوری دی۔

بلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی آج دوپہر 12 بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے۔

یاد رہے کہ بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کے 65 اراکین کے ایوان میں سے گزشتہ روز 57 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھایا تھا۔

مصنف کے بارے میں