سابق وزیراعظم نے لندن کے زیادہ اور بلوچستان کے کم دورے کئے، وزیراعظم

 سابق وزیراعظم نے لندن کے زیادہ اور بلوچستان کے کم دورے کئے، وزیراعظم
کیپشن: جب ایلیٹ کیلئے ملک بن جاتا ہے تو شہری نظر انداز ہو جاتے ہیں، وزیراعظم عمران خان۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تقاریر سب کرتے ہیں لیکن دل سے کہی بات کا اثر ہوتا ہے۔ ملک میں تبدیلی کی سوچ ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے دل میں عوام کا درد ہے۔ انہوں نے کہا ملک تباہی کی طرف جا رہا تھا اور پاکستان کو فرسودہ نظام سے نکال کر تبدیلی لائیں گے جبکہ ملک مقروض ہونے سے بنیادی سہولتوں کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا ہم قرض اتارنے کیلئے کثیر رقم ادا کر رہے تھے اور ممالک کو مقروض بنا کر تباہ کر دیا جاتا ہے جب ایلیٹ کیلئے ملک بن جاتا ہے تو شہری نظر انداز ہو جاتے ہیں۔

قبل ازیں کوئٹہ کینٹ پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ سی پیک کوئٹہ ژوب روٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا آج پہلی بار سی پیک کوئٹہ ژوب روٹ کا سنگ بنیاد رکھنے جا رہے ہیں اور ہم سے جو بلوچستان کے لئے ہو سکا کریں گے۔

انہوں نے کہا بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا اور حکمرانوں نے اپنے مفادات کے لئے بلوچستان کو بری طرح نظر انداز کیا۔ سابق وزیراعظم نے لندن کے زیادہ اور بلوچستان کے کم دورے کئے۔

ملک کی معاشی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ماضی میں جو قرضے لئے گئے اس کے روزانہ 6 ارب ادا کر رہے ہیں۔ حکمرانوں نے ملک کو ایسے چلایا کہ ہم کنگال ہو گئے۔ انہوں نے کہا بلوچستان میں صحت کی سہولیات کے لئے فوج اور صوبائی حکومت مل کر کینسر ہسپتال بنائے گی۔ تقریب میں گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان بھی ان کے ہمراہ تھے۔