اسلام آباد / کوٹری:ملک کے مختلف حصوں میں موسم نے کروٹ بدل لی۔ جڑواں شہروں میں شدید گرمی کے بعد گرد و غبار کا طوفان آیا، جبکہ سندھ کے مختلف شہروں میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث حادثات پیش آئے جن میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
دن بھر شدید گرمی کے بعد شام کو گرد و غبار کے طوفان اور تیز ہواؤں نے شہریوں کو حیران کر دیا۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی تین گھنٹوں تک طوفانی ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی تھی۔ تیز ہواؤں اور بارشوں کا سسٹم سندھ میں داخل ہو چکا ہے۔
کوٹری میں دیوار گرنے سے 10 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا، جبکہ ایک اور حادثے میں شہری ایاز جان سے گیا۔
مجموعی طور پر 25 افراد زخمی ہوئے، جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ حیدرآباد، جامشورو اور کوٹری میں موسلا دھار بارش سے معمولات زندگی متاثر، درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے نظام درہم برہم ہو گیا۔
ملک کے بالائی علاقوں، وسطی پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
متوقع مزید بارشوں سے نشیبی علاقوں میں سیلاب اور گلیشیئرز کے پگھلنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں سے محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔