نئی افغان پالیسی پر بحث کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہونے جا رہا ہے

نئی افغان پالیسی پر بحث کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہونے جا رہا ہے

اسلام آباد:پاکستان آج تاریخ بدلنے جا رہا ہے، انتہائی اہم اور فیصلہ کن معرکہ،امریکا کی جنوبی ایشیا پالیسی پر اور ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں پر غور کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہونے جا رہا ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق آج کے اجلا س کی صدارت کر رہے ہیں ،آج کے اجلاس میں افغان پالیسی پر بحث کی جائے گی۔

چیرمین تحریک انصاف عمران خان بھی طویل وقفے کے بعد پارلیمنٹ آئیں گے اور امریکا کی نئی پالیسی پر اظہار خیال کریں گے۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 22 اگست کو پاکستان، افغانستان اور جنوبی ایشیا سے متعلق اپنی نئی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔

صدر ٹرمپ کا پالیسی اعلان کے موقع پر خطاب کے دوران کہنا تھا کہ پاکستان کو اربوں ڈالر دیتے ہیں مگر وہ دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے، پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر خاموش نہیں رہیں گے۔

پاکستان کے خلاف سخت رویہ اپناتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ہمارا ساتھ دینے سے پاکستان کو فائدہ اور دوسری صورت میں نقصان ہوگا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں بھارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم افغانستان میں بھارت کا کردار کو سراہتے ہیں۔