عوام کی خوشحالی اور روزگار چھیننے والی حکومت کو فارغ ہونا چاہئے: مریم اورنگزیب

عوام کی خوشحالی اور روزگار چھیننے والی حکومت کو فارغ ہونا چاہئے: مریم اورنگزیب
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک سے گیس غائب کر کے اپنے مافیاز کی جیبیں بھریں، عوام کی خوشحالی اور روزگار چھیننے والی حکومت کو فارغ ہونا چاہئے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے لاہور میں بخار کی دوا میڈیکل سٹورز سے غائب اور بلیک میں فروخت ہونے کے معاملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی شدید لہر کے دوران بخار کی گولی کا نایاب ہونا انتہائی شرمناک ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی بلیک مارکیٹنگ سے آنے والی حکومت میں بخار کی گولی سے ایل ایل این جی اور کھاد تک ہر چیز کی کالا بازاری جاری ہے، عوام کیلئے روزگار ناپید، مریض کیلئے دوا غائب، کسان کیلئے کھاد نایاب ہو چکی ہے، آٹا، چینی، یوریا، ڈیپ، گیس بجلی سب غائب ہونے پر حکمرانوں کوشرم آنی چاہئے۔ 
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے ملک بھر سے گیس غائب کر کے اپنے مافیاز کی جیبیں بھریں، بجلی غائب کر دی اور مہنگے فرنس آئل سے بجلی پیدا کر کے عوام کی جیب پر مسلسل ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، عوام کی خوشحالی، روزگار، کاروبار سب کچھ غائب کرنے والی حکومت کو فارغ ہونا چاہئے۔