جکارتہ : جنوب مشرقی ایشیا کے مختلف ممالک میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تباہی کا سلسلہ جاری ہے، جس سے ہلاکتوں کی تعداد 350 سے تجاوز کر چکی ہے۔ انڈونیشیا، تھائی لینڈ، ملائیشیا اور سری لنکا میں شدید بارشوں اور قدرتی آفات نے بڑی تباہی مچائی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق، انڈونیشیا کے صوبے سوماترا میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد جاں بحق اور 100 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔ اسی طرح، تھائی لینڈ کے صوبے سونگ کھلا میں سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے 145 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ملائیشیا میں بھی شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 2 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ سری لنکا میں سائیکلون "دتواہ" نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں 153 افراد جاں بحق ہو گئے۔ سری لنکن ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کے مطابق، 191 افراد تاحال لاپتہ ہیں، اور 43 ہزار سے زائد افراد کو فلاحی مراکز میں منتقل کیا جا چکا ہے۔