Get Alerts

تھرپارکر میں آسمانی بجلی نے 3 جانیں نگل لیں، 3 افراد زخمی

تھرپارکر میں آسمانی بجلی نے 3 جانیں نگل لیں، 3 افراد زخمی

تھرپارکر: اسلام کوٹ کے نواحی علاقے میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے، جن میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب کھیتوں میں کام مکمل کرنے کے بعد چند افراد بارش سے بچنے کے لیے ایک درخت کے نیچے بیٹھے ہوئے تھے۔ اسی دوران اچانک آسمانی بجلی درخت پر آ گری، جس کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگر زخمی ہو گئے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت تاج محمد شاہ، ساجن میگھواڑ اور کمسن امرت میگھواڑ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ زخمیوں میں راجیش میگھواڑ، تیرتھ میگھواڑ اور عمر اوٹھو شامل ہیں، جن میں سے دو کو تشویشناک حالت کے باعث سول اسپتال مٹھی منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی اقدامات یقینی بنانے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

ٹیگز: