پاکستان نے سنسنی خیز مقابلہ کے بعد آسٹریلیا کو تاریخی شکست دیدی 

پاکستان نے سنسنی خیز مقابلہ کے بعد آسٹریلیا کو تاریخی شکست دیدی 

لاہور:پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو شکست دیدی ،آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو 349 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا جسے پاکستانی  بلے بازوں نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے حاصل کر لیا ۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے تھے،پاکستانی بلے بازوں نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی ۔

پاکستانی کپتان با برا عظم اور امام الحق کی سنچریوں کی بدولت قومی ٹیم نے ون ڈے کرکٹ میں ریکارڈ ہدف حاصل کیا ۔فخر زمان نے 67،محمد رضوان نے 23 خوشدل شاہ نے 27 جبکہ افتخار احمد نے 11 رنز سکور کیے ۔تین ون ڈے میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ۔

پاکستان کی طرف سے کپتان بابر اعظم نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے دو قومی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیے ،بابر اعظم نے آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 349 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی 15ویں سنچری بنائی جس کی خوشی بھی انہوں نے بھرپور انداز میں منائی،بابر اعظم اپنی اس سنچری کے ساتھ ایک روزہ فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے پاکستانی کپتان بن گئے ہیں، یہ ان کی بطور کپتان چوتھی سنچری ہے۔