ملک بھر میں کورونا متاثرین 2 ہزار سے زائد، ہلاکتوں کی تعداد 26 ہو گئی

ملک بھر میں کورونا متاثرین 2 ہزار سے زائد، ہلاکتوں کی تعداد 26 ہو گئی
کیپشن: پاکستان میں منگل کو کورونا وائرس کے 252 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 26 ہو گئی ہے جب کہ مزید کیس سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2040 تک جا پہنچی ہے۔منگل کو پاکستان میں کورونا سے تین ہلاکتیں ہوئیں جن میں سے سندھ میں 2 اور خیبرپختونخوا میں ایک ہلاکت ہوئی۔

پاکستان میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 9، سندھ 8، خیبرپختونخوا 6، بلوچستان ایک اور گلگت بلتستان میں 2 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

پاکستان میں منگل کو کورونا وائرس کے 252 نئے کیسز سامنے آئے جن میں سے سندھ میں 110، پنجاب 57، گلگت میں 36، خیبرپختونخوا میں 32، بلوچستان میں 10 اور اسلام آباد میں 7 کیسز سامنے آئے۔

پاکستان میں آج اب تک کورونا وائرس کے7کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو سندھ اور بلوچستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔سندھ میں آج بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم محکمہ صحت کی سمری میں ان کیسز کی نشاندہی نہیں کی گئی اور مجموعی نمبر 676 سے 679 بتایا گیا ہے۔صوبائی محکمہ صحت کی سمری کے مطابق صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 679 ہوگئی ہے جن میں سے کراچی سے کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔

محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں کیسز کی تعداد 274 اور حیدرآباد میں 131 ہے جب کہ دادو اور جیکب آباد میں ایک ایک کیس ہے۔

اس کے علاوہ سکھر میں کورونا میں مبتلا زائرین کی تعداد 265 اور لاڑکانہ میں 7 ہے۔محکمہ صحت کے مطابق اب تک صوبے میں 51 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں سے 27 کراچی، ایک حیدرآباد اور سکھر میں 23 مریض صحت یاب ہوئے۔

بلوچستان میں آج بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے کی۔صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 158 ہوگئی ہے۔بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ  صوبے میں ایک روز میں مزید 17 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔پنجاب میں منگل کو مزید 57 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 708 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈیرہ غازی خان زائرین، ملتان، رائے ونڈ اور فیصل آباد قرنطینہ میں 337 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔وزیراعلیٰ کے مطابق لاہور میں 154، گجرات 72، راولپنڈی 45، جہلم 28، ننکانہ 13، گوجرانوالہ 12، فیصل آباد 9، حافظ آباد اور ڈی جی خان 5، 5، منڈی بہاوالدین 4، رحیم یار خان، بہاولنگر اور میانوالی 3، 3 جب کہ نارووال، لودھراں، ملتان، وہاڑی اور سرگودھا میں 2،2 کیس ہیں۔اس کے علاوہ اٹک، خوشاب، بہاولپور، قصور اور لیہ میں ایک ایک کیسز ہیں۔

پنجاب میں اب تک کورونا سے 9 ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں سے لاہور میں 4، راولپنڈی 3 جب کہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔خیال رہے کہ صوبے میں اب تک 5 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

گزشتہ روز منگل کو خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔صوبائی حکومت کے فوکل پرسن نے صوبے میں اموات کی تعداد 6 ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ہفتے قبل انتقال کر جانے والے شخص کی رپورٹ گزشتہ روز موصول ہوئی جس میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

دوسری جانب گزشتہ روز صوبے میں 32 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 253 تک جاپہنچی ہے۔محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور اور کوہاٹ میں 10، 10، ڈیرہ اسماعیل خان میں 3، مردان، کرم، ہری پور اور باجوڑ میں ایک ایک مریض میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔

اس کے علاوہ ایران سے واپس ڈی آئی خان آنے والے زائرین میں مزید 4 اور کرم میں ایک شخص میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔واضح رہےکہ کے پی میں اب تک مہلک وائرس کے 2 مریض صحت یاب ہوئے جنہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان میں منگل کو مزید 36 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مجموعی تعداد 178 ہوگئی۔مشیر اطلاعات شمس میر نے پہلے بتایا کہ 24 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے 16 افراد کا تعلق ضلع نگر اور 8 کا تعلق اسکردو سے ہے۔تاہم بعد میں ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے مزید 12 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد مجموعی تعداد 178 ہوگئی۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے ایک وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ہیں جب کہ ایک کا تعلق محکمہ صحت سے تھا۔گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں منگل کو کورونا وائرس کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی تعداد 58 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر میں اتوار کے بعد سے تاحال کورونا وائرس کا اب تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا البتہ اتوار کو 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ آزادکشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی نے مزید 4 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ آزادکشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

ڈاکٹر نجیب نقی کا کہنا تھا کہ دو مریضوں کا تعلق بھمبر اور دو کا میرپور سے ہے، میرپور میں بیرون ملک سے آئے متاثرہ شخص کے والدین میں بھی کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔وزیر صحت آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ چاروں مریضوں کے علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔