Get Alerts

پاک چین مشترکہ بحری مشق 'سی گارڈین 4' کامیابی سے مکمل، بحیرہ عرب میں لائیو گنری فائرنگ کا مظاہرہ

پاک چین مشترکہ بحری مشق 'سی گارڈین 4' کامیابی سے مکمل، بحیرہ عرب میں لائیو گنری فائرنگ کا مظاہرہ

کراچی : پاک بحریہ اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) نیوی کے درمیان منعقدہ مشترکہ بحری مشق 'سی گارڈین 4' کراچی میں اختتام پذیر ہو گئی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق، یہ مشقیں 25 مارچ سے یکم اپریل تک جاری رہیں، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور بحری امن کے تحفظ کو فروغ دینا تھا۔
مشق 'سی گارڈین 4' کو دو بنیادی مراحل میں تقسیم کیا گیا تھا تاکہ پیشہ ورانہ مہارتوں کا بھرپور تبادلہ کیا جا سکے۔  کراچی پورٹ پر قیام کے دوران دونوں ممالک کے بحری جہازوں کے دورے کیے گئے۔ اس مرحلے میں سیمینارز، پیشہ ورانہ مباحثے اور سمندر میں کیے جانے والے آپریشنز (سی فیز) کی حتمی تیاریوں پر توجہ دی گئی۔
 شمالی بحیرہ عرب میں منعقدہ اس مرحلے میں دونوں افواج نے اپنی جنگی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق، مشقوں کے دوران پاک بحریہ کی آبدوز (Submarine) کے ساتھ پیچیدہ آپریشنز انجام دیے گئے، جبکہ لائیو گنری فائرنگ کے ذریعے اہداف کو نشانہ بنانے کی مشق بھی دفاعی تربیت کا حصہ تھی۔
مشق کے کامیاب اختتام پر پاک بحریہ اور چینی نیوی کے جہازوں نے بحیرہ عرب میں مشترکہ پیٹرول (Joint Patrol) بھی کیا۔ اس اقدام کا مقصد خطے کی اہم بحری تجارتی گزرگاہوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور کسی بھی ممکنہ بحری خطرے کے خلاف باہمی ہم آہنگی کو مضبوط کرنا ہے۔

ٹیگز: