Get Alerts

ایران کی عسکری قوت شدید متاثر، مزید حملوں سے گریز نہیں کریں گے: ٹرمپ

ایران کی عسکری قوت شدید متاثر، مزید حملوں سے گریز نہیں کریں گے: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی فوجی طاقت کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ خبردار کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر مزید طاقتور حملے بھی کیے جائیں گے۔

کیمپ ڈیوڈ میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی کے بعد ایران کی عسکری پوزیشن کمزور ہو چکی ہے۔ ان کے بقول اگرچہ ایران کے پاس محدود فوجی صلاحیت اب بھی موجود ہے، تاہم وہ بھی زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی افواج نے ایران کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں، جن کے باعث نہ صرف اس کی دفاعی صلاحیت متاثر ہوئی بلکہ فوجی پیداوار کا نظام بھی تقریباً مفلوج ہو چکا ہے۔ ٹرمپ نے اپنی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صرف پانچ ماہ کے عرصے میں وہ نتائج حاصل کیے گئے جو ماضی میں برسوں کے باوجود ممکن نہ ہو سکے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران کی باقی ماندہ عسکری طاقت بھی جلد ختم ہو جائے گی اور اگر ضرورت پیش آئی تو امریکا مزید سخت فوجی اقدامات سے گریز نہیں کرے گا۔ جنگ بندی کے امکانات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کی ترجیح کامیابی حاصل کرنا ہے اور امریکا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار بنانے کے قابل نہ ہو۔

ٹرمپ نے مزید خبردار کیا کہ اگر ایران نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو اس کے خلاف مزید بڑے اور فیصلہ کن حملے کیے جائیں گے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران ممکنہ بڑی کارروائی کے حوالے سے تمام آپشنز زیر غور ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی فوجی قیادت اور دفاعی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا جا چکا ہے اور امریکا پہلے ہی بڑے پیمانے پر کارروائیاں انجام دے چکا ہے۔

ایران کے ساتھ سفارتی رابطوں پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ تہران پر ان کا اعتماد مسلسل کم ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی قیادت مذاکرات کی خواہش تو ظاہر کرتی ہے، مگر اپنے وعدوں پر قائم نہیں رہتی، اسی لیے ان پر بھروسہ کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے داغے گئے پانچ میزائل امریکی دفاعی نظام نے فضا ہی میں تباہ کر دیے، جبکہ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات بھی جاری تھے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر صدر ٹرمپ نے امریکی مسلح افواج کی استعداد کار مزید بڑھانے کے لیے دفاعی بجٹ میں غیرمعمولی اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 1.5 ٹریلین ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

ٹیگز: