اسلام آباد: سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے گرفتار، نظربند اور زیر حراست افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے بل سینیٹ میں پیش کیا، جسے اراکین نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
سینیٹر فاروق نائیک نے بتایا کہ بل کے تحت اگر کسی شخص کو گرفتار کیا جائے تو اسے تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا کہ اسے کیوں گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیل میں موجود قیدیوں کو گھر کا کھانا اور ضروری دوائیاں فراہم کی جائیں گی، تاہم یہ انتظامات عدالت کی اجازت اور صوابدید کے تحت ہوں گے۔
سینیٹر فاروق نائیک نے واضح کیا کہ جرم ثابت ہونے سے پہلے بھی کسی ملزم کے حقوق محفوظ رہیں گے، اور اس بل کا مقصد انسانی حقوق کے تحفظ اور قانونی شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔