ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے 38 پیسے اضافہ کر دیا گیا

ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے 38 پیسے اضافہ کر دیا گیا
کیپشن: ایل ہی جی کی قیمت میں 10 روپے 38 پیسے اضافہ کر دیا گیا
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: پیٹرول کے بعد حکومت نے عوام پر ایک اور بوجھ ڈال دیا ہے۔ ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 10 روپے 38 پیسے اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر 122 روپے 46 پیسے اور کمرزل سلنڈر 471 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔ 

اوگرا نے فروری کے ماہ کیلئے ایل پی جی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور ایل پی جی 10 روپے 38 پیسے فی کلو مہنگی کردی گئی جس کے بعد ایل پی جی کی نئی قیمت 157 روپے 89 پیسے ہو گئی ہے جبکہ جنوری میں ایل پی جی کی قیمت 147 روپے 51 پیسے فی کلو تھی۔

ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 122 روپے 46 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1863 روپے 14 پیسے ہو گئی ہے جبکہ جنوری میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 1740 روپے 69 پیسے تھی۔

حالیہ اضافے کے بعد کمرشل سلنڈر 6 ہزار 697 روپے کی بجائے 7 ہزار 168 روپے میں دستیاب ہو گا، خیال رہے کہ جنوری کیلئے بھی ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں سولہ روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 70 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 88 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی۔