Get Alerts

ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان

ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان

اسلام آباد : محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں ایک نیا موسمی سسٹم داخل ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین میں بارش ہو رہی ہے، جبکہ کوژک ٹاپ، شیلا باغ اور لوئی بند جیسے بالائی علاقوں میں برفباری کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 3 فروری تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مری اور گلیات میں برفباری کی توقع ہے، جبکہ چترال، دیر، کوہستان، سوات اور کالام میں بھی بارش اور برفباری کے امکانات ہیں۔

اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں سردی کی لہر برقرار رہے گی اور موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، چاغی اور گوادر میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی بعض علاقوں میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔

ایبٹ آباد اور گرد و نواح میں آج سے بارش کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے۔ سیاحوں اور مقامی افراد کو سردی اور برفباری کی ممکنہ شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ٹیگز: