Get Alerts

باڑہ سیاسی اتحاد کے تیراہ میں نقل مکانی کرنےوالےمتاثرین کی حمایت کااعلان

باڑہ سیاسی اتحاد کے تیراہ میں نقل مکانی کرنےوالےمتاثرین کی حمایت کااعلان

پشاور : باڑہ سیاسی اتحاد کے شرکاء نے تیراہ سے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ باڑہ میں تیراہ کے حوالے سے ہونے والے اہم جرگے میں قبائلی مشران نے اس مسئلے پر کھل کر اظہار خیال کیا۔

جرگے کے شرکاء نے امن کی حمایت میں آواز بلند کی اور تیراہ متاثرین کے لیے مختص فنڈز میں صوبائی حکومت کی نااہلی اور کرپشن کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تیراہ متاثرین میں 4 ارب روپے کی تقسیم میں کرپشن اور سیاسی مداخلت ناقابلِ قبول ہے۔

سابق چیئرمین باڑہ سیاسی اتحاد حاجی شیریں آفریدی نے جرگے کا ایجنڈا پیش کیا اور کہا کہ ہم نے خوارج کے ساتھ دو مرتبہ جرگہ کیا تھا، مگر دونوں جرگے ناکام ہو گئے، اس کے بعد اس مسئلے کی ذمہ داری صوبائی حکومت اور تیراہ کے مشران کو سونپی گئی۔ جرگہ مشران نے واضح کیا کہ تیراہ کے متاثرین کا مسئلہ کسی ایک علاقے یا قبیلے کا نہیں، بلکہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے جس کے حل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جا سکتی۔

مشران کا کہنا تھا کہ تیراہ میں فوری طور پر امن بحال کیا جائے اور اس بات کی ضمانت دی جائے کہ مستقبل میں پائیدار امن قائم رہے گا۔ خوارج کی جانب سے تیراہ میں جاری فائرنگ، شیلنگ اور دیگر حملوں کو فوری طور پر بند کیا جائے، کیونکہ یہ عام شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ تیراہ کے متاثرین کی باعزت واپسی کو یقینی بنایا جائے اور متاثرین کے ساتھ کیے گئے تمام وعدوں کو عملی طور پر نافذ کیا جائے۔ ساتھ ہی، متاثرین کے گاڑیوں کے واجب الادا بقایا جات کی فوری ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا۔ اگر ادائیگی نہ کی گئی تو متاثرین ان گاڑیوں کو پشاور لے جا کر بھرپور احتجاج کریں گے۔

جرگہ مشران نے یہ بھی کہا کہ تیراہ میں جائیداد رکھنے والے تمام افراد کو آئی ڈی پیز سٹیٹس دے کر مکمل رجسٹریشن کی جائے اور انہیں امدادی پیکیج میں شامل کیا جائے۔ اپر باڑہ اور باڑہ پلین ایریا میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہو چکی ہے، جسے فوری طور پر کنٹرول کرنا ضروری ہے۔

آخر میں، جرگہ مشران نے اعلان کیا کہ باڑہ میں امن کی بحالی کے لیے آج سے باقاعدہ امن تحریک کا آغاز کیا جائے گا تاکہ عوام کو ایک محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ باڑہ سیاسی اتحاد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تیراہ متاثرین کے حقوق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔

ٹیگز: