اکتیس جنوری بھی چلی جائے گی، وزیراعظم استعفیٰ نہیں دیں گے: وزیر خارجہ

January 31 will also go, the Prime Minister will not resign: Foreign Minister
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 31 جنوری بھی آئے گی اور چلی جائے گی، وزیراعظم عمران خان کسی صورت استعفیٰ نہیں دیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آج پی ڈی ایم کی قیادت رائیونڈ میں اکٹھی ہو رہی ہے۔ تاہم پیپلز پارٹی اپنا فیصلہ سنا چکی ہے۔ پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ استعفے نہیں دیں گے بلکہ ضمنی اور سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ حکومت سے بھی علیحدہ ہونے کو تیار نہیں، لانگ مارچ اور استعفوں پر بھی وہ اپنا فیصلہ کر چکی ہے۔ اب دیکھنا ہے کہ پی ڈی ایم کے دیگر قائدین آج کیا فیصلہ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں اختلاف رائے سامنے آیا۔ 31 دسمبر کی تاریخ آئی اور چلی گئی، مگر استعفے نہیں آئے۔ دیکھنا ہوگا کہ کیا مسلم لیگ (ن) نے بھی فیصلہ کر لیا؟

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو عوام کا مینڈیٹ اور اعتماد حاصل ہے۔ اکتیس جنوری بھی آئے گی اور چلی جائے گی، وزیراعظم استعفیٰ نہیں دیں گے۔ پیپلز پارٹی قیادت نے کہا کہ استعفے جماعتوں کے قائدین کو دیں گے لیکن آج کے اجلاس میں بھی استعفوں کا فیصلہ ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قوم سمجھ گئی ہے کہ پی ڈی ایم کے مقاصد کیا ہیں۔ 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں اہم اجلاس تھا۔ آصف زرداری نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اندر کی کہانی یہ ہے کہ پیپلز پارٹی ارکان اسمبلی کی بڑی تعداد استعفوں کے خلاف ہے۔ ویڈیو لنک اور اجلاس میں شرکت زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے۔ آصف زرداری نے اجلاس میں ان لوگوں کو بھیجا جو بااختیار نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن قومی نوعیت کے معاملات پر بات کرنا چاہے تو ہم تیار ہیں۔