کراچی : جاوید عالم اوڈھو نے باقاعدہ طور پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ سینٹرل پولیس آفس پہنچنے پر انہیں پولیس کے خصوصی دستے کی جانب سے سلامی پیش کی گئی۔ اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سینٹرل پولیس آفس میں تعینات سینئر پولیس افسران سے ملاقات بھی کی اور پولیس کے شہداء کی یادگار پر پھول بھی چڑھائے۔
گزشتہ روز جاوید عالم اوڈھو کو سندھ پولیس کا نیا آئی جی تعینات کیا گیا تھا، اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔ اس سے قبل جاوید عالم اوڈھو نے قائم مقام آئی جی کا چارج سنبھالا تھا، جب غلام نبی میمن نے اپنا عہدہ چھوڑا تھا۔
جاوید عالم اوڈھو نے 11 جولائی 1998 کو سندھ پولیس جوائن کی تھی، اور ان کی پہلی پوسٹنگ ڈویژنل پولیس افیسر لاڑکانہ کے طور پر ہوئی تھی۔ انہوں نے مختلف اہم عہدوں پر کام کیا، جن میں ڈی پی او گھوٹکی، بدین، دادو، جامشورو، ایس پی سپیشل برانچ، ڈی آئی جی ویسٹ کراچی، سپیشل برانچ سکھر، اور آر آر ایف شامل ہیں۔ ان کی خدمات سندھ کے مختلف علاقوں جیسے ٹھٹھہ، مٹیاری، حیدرآباد، اور کراچی میں بھی رہی ہیں۔
جاوید عالم اوڈھو نے 2019 میں بلوچستان میں بھی اپنی خدمات سرانجام دی تھیں اور وہ ایڈیشنل آئی جی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ، سپیشل برانچ اور انویسٹی گیشن سندھ کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔ 2022 میں انہیں کراچی پولیس چیف کے طور پر تعینات کیا گیا تھا، اور بعد ازاں انہیں 2024 میں دوبارہ ایڈیشنل کراچی کے طور پر خدمات دینے کا موقع ملا۔
سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سبکدوش ہونے والے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو سلامی پیش کی۔ اس تقریب میں سینئر پولیس افسران نے غلام نبی میمن کی خدمات کو سراہا اور ان کے کردار کو تسلیم کیا۔