راولپنڈی/اسلام آباد: رات گئے راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ بارش کا سلسلہ سیالکوٹ، ہری پور، وزیر آباد اور کالا باغ تک بھی پہنچا، جہاں بادل برس پڑے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارش کی پیشگوئی کے بعد واسا راولپنڈی نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ ترجمان واسا نے کہا کہ ادارے کا فیلڈ عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ مختلف مقامات پر موجود ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
ایم ڈی واسا نے بتایا کہ نالہ لئی کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور فی الحال پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 4 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جو خطرے کی سطح سے نیچے ہے۔ تاہم، واسا ہر صورتحال کے لیے تیار ہے۔
ایم ڈی واسا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں خصوصی احتیاط برتیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری واسا کی ہیلپ لائن سے فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ 50 ملی میٹر بارش پی ایم ڈی کے مقام پر اور 38 ملی میٹر شمس آباد میں ریکارڈ کی گئی ہے۔