راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے دعویٰ کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان کی جانب بھیجے گئے چار ڈرون کامیابی سے تباہ کر دیے اور دشمن کی مبینہ فضائی جارحیت کی کوشش ناکام بنا دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان سے سرحد پار اشتعال انگیزی کی کوششیں کی گئیں، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔
ترجمان پاک فوج نے خبردار کیا کہ اگر سرحد پار سے جارحیت کا سلسلہ جاری رہا تو اس کا سخت اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز ہر قسم کی بیرونی جارحیت کے خلاف ملک کا دفاع یقینی بنائیں گی اور "آپریشن غضب الحق" کے تحت سرحد پار سے ہونے والی ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ افغان طالبان کی مبینہ غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں سے نہ صرف سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ اس کے اثرات افغان عوام پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔
اس حوالے سے افغان حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔