Get Alerts

گوگل نے جی میل میں نیا اے آئی فیچر متعارف کرا دیا، آواز سے ای میلز سرچ کرنا ممکن

گوگل نے جی میل میں نیا اے آئی فیچر متعارف کرا دیا، آواز سے ای میلز سرچ کرنا ممکن

کیلیفورنیا: گوگل اپنی مختلف سروسز میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی سہولیات کا دائرہ مسلسل بڑھا رہا ہے، اسی سلسلے میں کمپنی نے جی میل کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانا شروع کر دیا ہے۔

جی میل لائیو نامی اس فیچر کو فی الحال محدود صارفین کے لیے بیٹا ورژن میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز پر پیش کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس نئی سہولت کے ذریعے صارفین کو ای میلز تلاش کرنے کے لیے ٹائپنگ کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ صرف اپنی آواز کے ذریعے ان باکس میں موجود ای میلز سرچ کر سکیں گے۔

یہ فیچر گوگل کے جیمنائی لائیو کی طرز پر تیار کیا گیا ہے، جس میں صارفین مصنوعی ذہانت سے براہِ راست وائس چیٹ کرتے ہیں۔ اب اسی ٹیکنالوجی کو جی میل میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ ای میلز تک رسائی مزید آسان بنائی جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق آئندہ چند ماہ کے دوران اس سہولت کو جی میل کے علاوہ گوگل ڈاکس اور گوگل ڈرائیو تک بھی توسیع دی جائے گی۔

جب یہ فیچر صارفین کے لیے دستیاب ہوگا تو جی میل کے سرچ سیکشن میں ایک نیا لائیو آئیکون اور جیمنائی بٹن نظر آئے گا۔ اس پر ٹیپ کرتے ہی فیچر فل اسکرین موڈ میں کھل جائے گا، جہاں صارف آواز کے ذریعے جیمنائی کو مخصوص ای میلز یا ان کے مواد کی تلاش کی ہدایت دے سکیں گے۔

گوگل نے اس اے آئی فیچر کا اعلان مئی 2026 میں اپنی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے دوران کیا تھا، جبکہ اب اسے مرحلہ وار صارفین تک پہنچانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں جی میل لائیو صرف گوگل اے آئی پرو اور گوگل اے آئی الٹرا سبسکرپشن رکھنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا، بعد ازاں اسے مزید صارفین تک توسیع دی جائے گی۔

ٹیگز: