آزاد اور خودمختار ریاست میں زندگی بسر کرنا فلسطینیوں کا حق ہے، او آئی سی

 آزاد اور خودمختار ریاست میں زندگی بسر کرنا فلسطینیوں کا حق ہے، او آئی سی
کیپشن: دہشت گردی کو شہریت، مذہب یا کسی علاقے سے نہیں جوڑا جا سکتا، اعلامیہ۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ او آئی سی ٹوئٹر اکاؤنٹ

مکہ المکرمہ: اسلامی تعاون تنظیم نے فلسطین کے معاملے کو مسلم امہ کا بنیادی مسئلہ قرار دے دیا۔ سعودی عرب میں ہونے والے او آئی سی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں کہا گیا ہےکہ فلسطین مسلم امہ کا بنیادی مسئلہ ہے، عالمی قراردادوں کے مطابق فلسطین سے اسرائیلی قبضہ ختم کرایا جائے۔ مقبوضہ بیت المقدس فلسطین کا دارالحکومت ہے جبکہ آزاد اور خودمختار ریاست میں زندگی بسر کرنا فلسطینیوں کا حق ہے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ہرقسم کی دہشت گردی، انتہا پسندی اور تعصب پسندی، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کی گئی۔

او آئی سی نے عالمی برادری سے خطے میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کو شہریت، مذہب یا کسی علاقے سے نہیں جوڑا جا سکتا۔

او آئی سی نے مذہب اور رنگ نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک کی مذمت کرتے ہوئے نفرت، امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے برداشت، احترام، بات چیت اور تعاون پر زور دیا۔