سعودی عرب کا کورونا ویکسیئن کا عمل مکمل کرنے والے افراد کے لئے اعلان

سعودی عرب کا کورونا ویکسیئن کا عمل مکمل کرنے والے افراد کے لئے اعلان
سورس: file photo

ریاض،  سعودی عرب نے کورونا وائرس کی ویکسی نیشن مکمل کرنے والے غیر ملکی افراد کے لیے اہم اعلان کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے اعلان کیا ہےکہ ایسے افراد جنہوں نے کورونا وائرس کے خلاف ویکسی نیشن کا عمل مکمل کیا ہے ان کو سعودی عرب میں آمد پر قرنطینہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم ان کے لیے ضروری ہے کہ ان کے پاس اپنی حکومت کی طرف سے تصدیق شدہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ موجود ہو۔

اس سے قبل سعودی جنرل اتھارٹی نے اب تک کورونا کی ویکسین نہ لگوانے والے افراد کے لیے سعودی عرب آمد پر 7 روز کے قرنطینہ کی شرط رکھی تھی جس کے بعد اب ویکسی نیشن مکمل کرنے والوں کو قرنطینہ سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

 سعودی عرب میں منظور شدہ ویکسین میں فائزر، بائیو این ٹیک، موڈرنا، ایسٹرازینیکا اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔

واضح رہےکہ سعودی عرب کی وزارت صحت نے رواں سال حج کیلئے بھی نئے پروٹوکولز کی سفارشات پیش کی ہیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حج درخواست گزارکو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں اور پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا، عازمین کو اپنے ملک میں سعودی حکومت کی جانب سے منظورشدہ ویکسین لگوانا ہوگی جبکہ کورونا ویکسین کی دوسری خوراک سعودی عرب پہنچنے سے 14 روز پہلے لگ چکی ہو۔