اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگریب نے کہا ہے کہ ملک کو غربت اور بےروزگاری کی دلدل میں دھنسا کر پیکج دینے کا نہیں بلکہ آپ کے جانے کا وقت ہے۔اب کوئی بھی جھوٹا پیکج اور اعلان آپ کو گھر جانے سے نہیں بچا سکتا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نےوزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہاکہ عمران صاحب جھوٹ بولنے ، سیاسی مخالفین اور میڈیا پہ تہمت و بہتان لگانے، ہتک کرنے سے قومیں آگے نہیں بڑھتیں جب آپ آئے تھے تو ملک میں تاریخ کی بلند ترین ترقی کی شرح تھی اور مہنگائی تاریخ کی کم ترین سطح پر تھی۔
انہوں نے کہا کہ کسی پیکج کی ضرورت نہیں تھی، سیاسی مخالفین اور میڈیا کا گلا گھونٹنے سے قومیں آگے نہیں بڑھتیں۔،قیامت خیز مہنگائی اور ملک کو غربت اور بے روزگاری کی دلدل میں دھنسا کر پیکج دینے کا نہیں بلکہ آپ کے جانے کا وقت ہے۔پہلے دن تو آپ نے پچاس لاکھ گھر ، ایک کروڑ نوکری بھی دینے تھے پہلے دن بھی جھوٹ بولا آج بھی جھوٹ بول رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب تقاریر پہلے نواز شریف اور شہباز شریف کے خوف میں اور اب تحریکِ عدم اعتماد کے خوف میں کیا زندگی ہے عمران صاحب کی،اب کوئی بھی جھوٹا پیکج اور اعلان آپ کو گھر جانے سے نہیں بچا سکتا۔