Get Alerts

امریکہ و اسرائیل کا ایران پر بڑا حملہ، 200 طیاروں سے 500 مقامات نشانہ؛ درجنوں ہلاکتیں

امریکہ و اسرائیل کا ایران پر بڑا حملہ، 200 طیاروں سے 500 مقامات نشانہ؛ درجنوں ہلاکتیں

تہران: امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر بڑے پیمانے پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایرانی ذرائع کے مطابق تقریباً 200 طیاروں نے 24 صوبوں میں 500 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا۔
رپورٹس کے مطابق حملوں میں اب تک 201 افراد شہید اور 700 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک گرلز اسکول پر حملے میں 85 طالبات کے شہید اور 75 کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم ان اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق ہونا باقی ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ شمال مغربی صوبے کے شہر زنجان میں واقع ایک اسلحہ ڈپو بھی تباہ ہوگیا ہے۔ متعدد فوجی اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
حملوں کے بعد ایران نے اہم عالمی گزرگاہ آبنائے ہُرمز کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ماہرین کے مطابق دنیا کی بڑی مقدار میں خام تیل اسی بحری راستے سے گزرتا ہے، اس لیے اس کی بندش عالمی منڈیوں پر گہرے اثرات ڈال سکتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی سرکاری شپنگ کمپنی پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن نے اپنے جہازوں کو آبنائے ہرمز سے دور رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔

بین الاقوامی برادری کی جانب سے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

ٹیگز: