پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن 3 مئی کو چاند کے سفر پر روانہ ہو گا

 پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن 3 مئی کو چاند کے سفر پر روانہ ہو گا

اسلام آباد: پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجنے کی تیاریاں مکمل،3مئی کو روانہ کیا جائے گا. 

 مشن چین کے ہینان اسپیس لانچ سائٹ سے خلا میں بھیجا جائے گا. انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ پاکستان کا تاریخی سیٹلائٹ مشن ’آئی کیوب کیو‘ 3 مئی کو دوپہر 12 بجکر 50 منٹ پر چین کے ہینان اسپیس لانچ سائٹ سے چاند کے سفر کے لیے خلا میں بھیجا جائے گا۔

 چاند پر بھیجنے کا مشن انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی نے بتایا کہ انہوں نے چین کی سنگھائی یونیورسٹی اور پاکستان نیشنل اسپسیس ایجنسی سپارکو کے ساتھ مل کر آئی کیوب-کیو سیٹلائٹ کو ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔

چاند کی تصاویر بنانے کیلئے آئی کیوب قمر میں دو کیمرےنصب ہیں۔’آئی کیوب کیو‘ دو آپٹیکل کیمروں سے لیس ہے جو چاند کی سطح کی تصاویر لینے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

پاکستان کا سیٹلائٹ مشن چاند کے مدارکے چکر کاٹے گا اور یہ مشن سے لی جانے والی تصاویر تحقیقی مقاصد میں کام آئیں گی۔ چین کا سیٹلائٹ مشن چاند پر لینڈ کرے گا اور یہ مشن چاند کی مٹی جمع کرے گا۔

ٹیسٹنگ اور قابلیت کے مرحلے سے کامیابی سے گزرنے کے بعد ’آئی کیوب کیو‘ کو ’چینگ 6‘ مشن کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔’چینگ 6‘ چین کی جانب سے چاند کے مشن کی سیریز کا چھٹا مشن ہے۔

چین کے ’چینگ 6‘ کے مشن کا مقصد چاند کی سطح سے نمونے اکھٹا کرنا ہے اور ان نمونوں کو پھر زمین پر واپس لایا جائے گا جہاں سائنسدان چاند کی ساخت، تاریخ اور تشکیل کے بارے میں مزید جاننے کے لیے تحقیق کریں گے۔

مصنف کے بارے میں