چیف جسٹس کو ڈیم فنڈ کے لیے ایک ہزار روپے فی سیکنڈ دینے کی پیشکش

چیف جسٹس کو ڈیم فنڈ کے لیے ایک ہزار روپے فی سیکنڈ دینے کی پیشکش
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد : تحریک انصاف کے سینئر وکیل اور رہنما نعیم بخاری نے ڈیم فنڈ کے لیے فی سیکنڈ ایک ہزار روپے دینے کی پیشکش کر دی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق دوہری شہریت نااہلی کیس میں رہنما تحریک انصاف نعیم بخاری نے عدالت میں موقف اپنایا کہ میرے وکیل نے کیس میں پیش ہونے سے معذرت کر لی ہے ، اس لیے عدالت مجھے کیس میں بذات خود وکیل پیش ہونے کی اجازت دے ۔

عدالت نے نعیم بخاری کی بطور وکیل پیش ہونے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کس گراؤنڈ پر وکیل تبدیل کرنے کی اجازت دی جائے , نعیم بخاری نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں صرف 120 سیکنڈ سن لیا جائے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو سننے کی قیمت ایک ہزار روپے فی سیکنڈ ہوگی , وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ عدالت اجازت دے تو وہ فی سکینڈ ایک ہزار روپے ڈیم فنڈ میں دیں گے۔جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ پیسے مانگ کر بطور جج اپنے عہدے پر سمجھوتہ کر رہا ہوں اس لیے ڈیم فنڈ کے لیے اب عدالت میں پیسہ نہیں مانگوں گا۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ ڈیم فنڈ میں 8 ارب روپے جمع ہوچکے ہیں، بچے بھی ڈیم فنڈز میں عطیات دے رہے ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ اب تک جمع ہونے والی رقم کی برکت سے ہی ڈیم بن جائے گا۔