آرمی چیف سے فرانس کے سفیر کی ملاقات

آرمی چیف سے فرانس کے سفیر کی ملاقات

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان فرانس کے ساتھ مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعلقات کو بڑھانے کیلئے پرامید ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں فرانس کے سفیر مسٹر نکولس گیلی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، دفاع، سیکیورٹی تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں جانب سے موسم خزاں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ بھی کیا گیا۔ 
فرانسیسی سفیر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہنے کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔
اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم مشترکہ مفادات کی بنیاد پر طویل مدتی باہمی فائدہ مند تعلقات کو بڑھانے کیلئے پر امید ہیں۔

مصنف کے بارے میں