خیبر:طورخم سرحدی گزرگاہ غیر قانونی رہائش پذیر افغان شہریوں کو واپس بھیجنے کے لیے 20 روز بعد کھول دی گئی ہے، تاہم سرحد سے دوطرفہ تجارت اور پیدل آمدورفت بدستور بند رہے گی۔
ضلعی ڈپٹی کمشنر بلال شاہد کے مطابق سینکڑوں افغان پناہ گزین طورخم امیگریشن سینٹر پہنچ گئے ہیں اور امیگریشن عملہ ضروری کارروائی کے بعد انہیں افغانستان جانے کی اجازت دے رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرحد تجارت اور پیدل آمدورفت کے لیے تاحکم ثانی بند رہے گی۔
یو این ایچ سی آر کے مطابق 8 اکتوبر تک 6 لاکھ 15 ہزار غیر قانونی افغان شہریوں کو طورخم کے راستے ملک بدر کیا جا چکا ہے۔