Get Alerts

تیسرا ٹی 20: پاکستان کی جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے شکست

 تیسرا ٹی 20: پاکستان کی جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے شکست

لاہور: قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی 20 میچ میں پاکستانی باؤلرز کے بعد بیٹرز نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی اور 140 رنز کے ہدف کو 6 وکٹوں کے نقصان پر 6 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔


بابر اعظم کی 47 گیندوں پر 9 چوکوں کے ساتھ 68 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز نے پاکستان کو ہدف کے قریب پہنچایا۔ کپتان سلمان علی آغا نے 33 اور صاحبزادہ فرحان نے 19 رنز بنائے۔ تاہم، صائم ایوب ایک بار پھر بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس لوٹ گئے، جبکہ حسن نواز اور محمد نواز بھی بغیر رن بنائے آؤٹ ہوئے۔


جنوبی افریقا کی ٹیم نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے، جس میں ریزا ہینڈریکس 34 اور کوربن بوش 30 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔ پاکستانی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت پروٹیز ٹیم بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ عثمان طارق اور فہیم اشرف نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نواز اور سلمان مرزا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔


پہلے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے جنوبی افریقا کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 31 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 111 رنز کے معمولی ہدف کو 14ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، جہاں صائم ایوب نے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

ٹیگز: