Get Alerts

پاکستان نے 500 ملین ڈالر یوروبانڈ کی بروقت ادائیگی کر دی ، وزارت خزانہ

پاکستان نے 500 ملین ڈالر یوروبانڈ کی بروقت ادائیگی کر دی ، وزارت خزانہ

اسلام آباد: پاکستان نے بین الاقوامی مالی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے 500 ملین ڈالر مالیت کے یوروبانڈ کی بروقت ادائیگی کر دی۔ یہ یوروبانڈ 2015 میں جاری کیا گیا تھا، جو 10 سالہ مدت کے بعد 30 ستمبر 2025 کو میچور ہوا۔

مشیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق اس ادائیگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان مالی نظم و ضبط کو ترجیح دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں کی بروقت ادائیگی نہ صرف ملکی لیکویڈیٹی کی بہتری کا اشارہ ہے بلکہ اس سے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بھی بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی اداروں نے پاکستان کی خودمختار ریٹنگ میں بہتری کی ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھا ہے۔

خرم شہزاد کے مطابق اس وقت پاکستان کے بانڈز پریمیئم پر ٹریڈ ہو رہے ہیں، جبکہ قرض کا جی ڈی پی تناسب 77 فیصد سے کم ہو کر 70 فیصد پر آ گیا ہے۔ اسی طرح، کُل سرکاری قرض میں بیرونی قرضوں کا حصہ بھی 38 فیصد سے گھٹ کر 32 فیصد رہ گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مالی سال 2025 میں قرض کے اضافے کی رفتار کافی حد تک کم رہی ہے، اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں قرض لینے کی لاگت میں کمی کا فائدہ بھی پاکستان کو حاصل ہو گا۔

ٹیگز: