Get Alerts

حماس کا ٹرمپ امن منصوبے پر تحفظات، اسرائیلی انخلا اور رہنماؤں کی سلامتی کی ضمانتیں مانگ لیں

حماس کا ٹرمپ امن منصوبے پر تحفظات، اسرائیلی انخلا اور رہنماؤں کی سلامتی کی ضمانتیں مانگ لیں

غزہ :فلسطینی تنظیم حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیش کردہ 20 نکاتی امن منصوبے میں ترمیم کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تنظیم نے اسرائیل کے مکمل انخلا اور حماس رہنماؤں کے قتل نہ کیے جانے کی بین الاقوامی ضمانتیں مانگ لی ہیں۔

فلسطینی ذرائع کے مطابق حماس باضابطہ ردعمل کے لیے دو سے تین دن میں جواب دے گی۔ تنظیم کو منصوبے کی بعض شقوں، خصوصاً "غیر مسلح کیے جانے" کی شرط پر شدید تحفظات ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حماس کے مذاکرات کاروں نے حالیہ دنوں میں دوحا میں ترک، مصری اور قطری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں تاکہ مجوزہ منصوبے پر سفارتی مشاورت کی جا سکے۔

واضح رہے کہ امریکی منصوبے کے مطابق حماس کو مکمل طور پر غیر مسلح کیا جانا ہے اور مستقبل کی کسی حکومت میں کردار نہیں دیا جائے گا، تاہم پرامن رہنے والے افراد کے لیے عام معافی کی پیشکش شامل ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے واضح کیا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ کے بیشتر علاقوں میں بدستور موجود رہے گی، جو امن منصوبے پر عمل درآمد کی راہ میں بڑی رکاوٹ تصور کی جا رہی ہے۔

ٹیگز: