اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی سے متعلق کیس میں نیا بنچ بھی ٹوٹ گیا ہے۔ جسٹس انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت سے انکار کرتے ہوئے اس معاملے کو لارجر بنچ کے سامنے بھیج دیا ہے۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران جسٹس انعام منہاس نے کہا کہ ماسٹر آف روسٹر کا مسئلہ پیچیدہ ہو گیا ہے اور اس پر دو مختلف آراء موجود ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ماسٹر آف روسٹر کون ہے، یہ فیصلہ لارجر بنچ کرے گا، لہٰذا فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی گئی ہے تاکہ لارجر بنچ تشکیل دی جائے۔
درخواست گزار کے وکیل عمران شفیق نے عدالت کو بتایا کہ یہ معاملہ پیچیدہ ہو چکا ہے، جس پر جسٹس انعام منہاس نے کہا کہ ان کا اپنا فیصلہ موجود ہے کہ ماسٹر آف روسٹر چیف جسٹس ہی ہے، تاہم دوسری رائے بھی سامنے آئی ہے جس کے باعث کیس کو لارجر بنچ بھیجا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ کیس جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کے بنچ میں زیر سماعت تھا جنہوں نے وزیراعظم اور کابینہ کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کیا تھا۔ تاہم ان سے یہ کیس واپس لے کر جسٹس انعام منہاس کی عدالت منتقل کر دیا گیا تھا۔