گلگت : گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں پاک فوج کا ایک ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں پائلٹ، کوپائلٹ سمیت عملے کے پانچ اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہدا میں پائلٹ میجر عاطف، میجر فیصل،نائب صوبیدارمقبول شامل تھے ۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔ دورانِ پرواز فنی خرابی پیدا ہوئی، جس کے باعث ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔
واقعے کے فوراً بعد مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، جبکہ دیامر کے ضلعی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ طبی عملے کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔