ٹنڈولکر کورونا وائرس کے باعث ہسپتال داخل ہو گئے

ٹنڈولکر کورونا وائرس کے باعث ہسپتال داخل ہو گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر کورونا وائرس کے علاج کیلئے ہسپتال داخل ہو گئے ہیں جن کا کہنا ہے کہ صحت یاب ہو کر جلد ہی اپنے گھر واپس لوٹنے کیلئے پرامید ہوں۔ 
تفصیلات کے مطابق دنیائے کرکٹ کے سابق مایہ ناز بلے باز سچن ٹنڈولکر نے اپنے بیان میں کہا کہ میں سخت احتیاط کے طور پر اور ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد علاج کیلئے ہسپتال داخل ہو گیا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ جلد ہی اپنے گھر واپس لوٹوں گا، آپ سب اپنا خیال رکھیں اور محفوظ رہیں۔
گزشتہ ہفتے روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک میچ کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر ٹنڈولکر نے کورونا ٹیسٹ کرایا تو رپورٹ مثبت آئی جس کے بعد میچ میں حصہ لینے والے دیگر کرکٹرز نے بھی اپنے اپنے کورونا ٹیسٹ کرائے تو عرفان پٹھان، یوسف پٹھان اور بدری ناتھ بھی موذی وائرس کے شکار پائے گئے۔
واضح رہے کہ 47 سالہ ٹنڈولکر نے 27 مارچ کو سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنی کوویڈ رپورٹس مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوویڈ کی علامات زیادہ نہیں لیکن رپورٹس مثبت آنے کے بعد خود کو گھر پر ہی قرنطینہ کرلیا ہے، گھر میں باقی افراد کے ٹیسٹ بھی کروائے ہیں جن کی رپورٹس منفی ہیں۔