اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی، جو ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان کے سرکاری دورہ پاکستان کے سلسلے میں وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک نے علاقائی امن، اقتصادی تعاون اور دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا، اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو نئے تقاضوں کے مطابق وسعت دی جائے گی۔
ملاقات میں سیاسی، اقتصادی، سلامتی اور عوامی رابطوں کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی، جبکہ دونوں ممالک نے خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔